کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک) نیشنل گیمز میں آرمی نے باقی ٹیموں کو کوسوں پیچھے چھوڑ دیا، 370 سے زائد میڈلز اپنے سینے پر سجالیے۔پاکستان آرمی نے 34 ویں نیشنل گیمزجیت لیے،اپنے اعزاز کا کامیاب دفاع کرنے والی آرمی نے واضح برتری کے ساتھ مقابلوں میں اپنی سبقت ثابت کی اور وننگ ٹرافی قائد اعظم ٹرافی اپنے پاس ہی رکھنے کی حق پالیا، پاکستان واپڈا نے دوسری جبکہ پاکستان نیوی نے تیسری پوزیشن حاصل کی، اختتامی تقریب منگل کو ایوب اسٹیڈیم میں منعقد ہوگی۔موصولہ اطلاعات کے مطابق کوئٹہ میں کھلیے جانے والے نیشنل گیمز کے آخری دن پیر کو آرمی نے ٹیبل ٹینس مقابلوں میں فتوحات سمیٹ لیں، آرمی نے واپڈا کو شکست دے کر مینز ٹیم ایونٹ جیت لیا، واپڈا کو سلور میڈل پر اکتفا کرنا پڑا، ریلویز اور ایچ ای سی نے برانز میڈلز جیت لیے، آرمی کے شاہ خان نے واپڈا کے عاصم قریشی کوٹھکانے لگا کر گولڈ میڈل جیت لیا، ایچ ای سی کے شرجیل اکرام اور عبید شاہ نے برانز میڈل حاصل کیا۔