اسلام آباد(سی ایم ایم)پاکستان میں موجودہ مالی سال میں مئی کے مہینے میں مہنگائی کی شرح 38 فیصد تک پہنچ گئی ہے جو ملکی تاریخ میں ایک مہینےمیں مہنگائی کی بلند ترین شرح ہے۔ادارہ شماریات کے جاردی کردہ اعداد و شمار کے مطابق موجودہ مالی سال کے پہلے گیارہ مہینوں میں مہنگائی کی شرح 29.2 فیصد رہی جو گذشتہ مالی سال کے ان گیارہ مہینوں میں 11.3 فیصد تھی۔معاشی تجزیہ کار طاہر عباس کے مطابق مئی کے مہینے میں مہنگائی کی شرح ایک مہینے میں بلند ترین شرح ہے۔ انھوں نے کہا پاکستان میں مہنگائی کی شرح کے اعداد و شمار جولائی 1965 میں جمع کرنے کا آغاز کیا گیا اور اس وقت سے لے کر آج تک اس سے زیادہ مہنگائی کی شرح ریکارڈ نہیں کی گئی۔اعداد و شمار کے مطابق مئی کے مہینے میں غذائی اشیا کی قیمتوں میں 48.7 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ تعمیراتی شعبے میں اشیا کی قیمتوں میں 20.5 فیصد اضافہ ہوا۔ جوتوں اور کپڑوں کی قیمتیں 22.5 فیصد کی شرح سے بڑھیں۔ٹرانسپورٹ کے اخراجات میں 53 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ تعلیمی اخراجات میں میں 8.4 فیصد اضافہ اورعلاج معالجے کے اخراجات میں 19.3 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔