برطانیہ (سی ایم ایم رپورٹ)یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی اس وقت برطانیہ میں وزیر اعظم رشی سُونک سے مذاکرات کے لیے لندن کا دورہ کر رہے ہیں۔توقع ہے کہ دونوں رہنما روسی افواج کے خلاف وسیع پیمانے پر متوقع یوکرائنی جوابی حملے سے قبل ہتھیاروں کی فراہمی پر بات چیت کریں گے۔یوکرین میں جنگ کے آغاز کے بعد سے برطانیہ کیئو کو ہتھیاروں اور ساز و سامان فراہم کرنے والے بڑے ممالک میں شامل ہو چکا ہے، حالانکہ اسلحے کی یہ فراہمی امریکہ کے مقابلے میں بہت چھوٹے پیمانے پر ہے۔اب دیکھنا ہے کہ برطانیہ کس قسم کا ا ور کتنا اسلحہ بھیج رہا ہے اور کیا اس سے زمینی صورتِ حال پر کوئی خاص اثر ہوگا؟برطانیہ نے تصدیق کی کہ اس نے اس ماہ کے شروع میں یوکرین کو دُور تک مار کرنے والے میزائل فراہم کیے تھے۔ایسا اسلحہ تیار کرنے والے ادارے کے مطابق، ’سٹارم شیڈو‘ (Storm Shadow) کروز میزائل 155 میل دور تک نشانے کو ہدف بنا سکتا ہے۔اس کے برعکس موجودہ حالات میں یوکرین کے زیرِ استعمال ’ہیمارس‘ (Himars) میزائلوں کی رینج صرف 80 کلومیٹر یعنی 50 میل کے قریب ہے۔